نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ملک میں امن واستحکام کیلئے پولیس فورس کی خدمات اور قربانیوں کی تعریف کی ہے۔
انہوں نے آج اسلام آباد میں پاکستان پولیس کے سابق آئی جیز کی ساتویں سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پولیس فورس کے تشخص میں بہتری کیلئے رویے میں تبدیلی کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پولیس فورس معاشرے کو انتشار سے بچانے کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کا تشخص اجاگر کرنے کیلئے سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے خاص طور پر دیگر صوبوں کے علاوہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان پولیس کی قربانیوں کا ذکر کیا۔انہوں نے ملکی سطح پر چیلنجوں کو سمجھنے اور موثر قانونی لائحہ عمل وضع کرنے پر بھی زور دیا۔وزیراعظم نے مقامی سطح کے مسائل سے نمٹنے کیلئے موثر قوانین کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے پولیس فورس میں ادارہ جاتی نظم وضبط کو مضبوط بنانے اور فورس کیلئے فلاحی پروگراموں میں مزید اضافے کی تجویز دی۔SAFWATغیور اور ملک سعد شہید سمیت پولیس کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ان عظیم ہیروز نے اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا۔اس سے پہلے سابق انسپکٹر جنرل پولیس کلیم امام نے کہا کہ یہ انجمن 2015میں تشکیل دی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کے تقریبا پندرہ متعلقہ ادارے عوام کی خدمت کررہے ہیں۔دیگر مقررین نے کہا کہ تیزی سے بدلتی ہوئی سلامتی کی صورتحال پولیس فورس کیلئے ایک چیلنج ہے۔