Monday, 20 May 2024, 05:01:43 pm
نومئی کے واقعات پاکستان کے خلاف سازش تھی،وزیراعظم
May 09, 2024

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نو مئی 2023 کے واقعات پاکستان، اس کے اداروں اورمسلح افواج کے خلاف منظم سازش اور بغاوت تھے۔

آج(جمعرات) اسلام آباد میں ہونے والے کابینہ کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کابینہ کے خصوصی اجلاس کے انعقاد کا مقصد شہدا ء اور ہیروز کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا ہے اور قوم انہیں اور ان کے اہل خانہ کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

انہوں نے کہا کابینہ کے خصوصی اجلاس کا مقصد معاشرے میں امن اور ہم آہنگی کا پیغام دینا بھی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا نو مئی ایک منظم منصوبہ تھا جس کا مقصد ملک میں انتشار اور بد امنی پیدا کرکے پاکستانی عوام میں نفرت کو پروان چڑھانا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ان واقعات نے دوست ممالک کے ساتھ بھی ہمارے تعلقات کو داغدار کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ کوئی بھی ملک فوجی تنصیبات پر منظم حملے اور اپنے شہداء اور ہیروز کی یادگاروں کی توہین برداشت نہیں کرسکتا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان اس کے اداروں، افواج پاکستان اور اس کی قیادت کو بد نام کرنے کے لئے ایک بد نیتی پر مبنی مہم اب بھی جاری ہے۔

 

Error
Whoops, looks like something went wrong.