Saturday, 21 December 2024, 05:02:37 pm
 
حکومت اہم شعبوں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات کیلئے پرُعزم ہے، وزیرخزانہ
October 08, 2024

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت توانائی ، سرکاری ملکیتی اداروں ، نجکاری ، ٹیکس نظام اورحکومت کی رائٹ سائزنگ سمیت معیشت کے اہم شعبوں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات کیلئے پرعزم ہے ۔

انہوں نے یہ بات آج (منگل کو)اسلام آباد میں BARCLAYS کی قیادت میں سرمایہ کاروں کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

وزیر خزانہ نے انھیں اہم معاشی اشاریوں میں ترقی اور بڑے پیمانے پر اقتصادی استحکام کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔

انہوں نے وفد کو مختلف شعبوں میں اصلات پرعملدرآمد کیلئے وفاق اوراس کی چار اکائیوں کے درمیان قومی مالیاتی معاہدے پر دستخط سمیت اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کیلئے مختلف اقدامات کے بارے میں بتایا ۔

 انہوں نے کہاکہ نجی شعبے کو حکومت کی طرف سے فراہم کردہ مراعات سے فائدہ اٹھا کر ترقی کے اس سفر میں قائدانہ کردار ادا کرناچاہیے۔

وفد نے معیشت کے مختلف شعبوں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات اور واضح استحکام کوسراہا اور سرمایہ کاری اور کاروباری اشتراک عمل کے ذریعے مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی ظاہرکی۔

ادھر ٹیلی ویژن پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت کی دانشمندانہ معاشی پالیسیوں کے باعث معاشی استحکام کے ثمرات سامنے آرہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مہنگائی کم ہوکر چوالیس ماہ کی کم ترین شرح چھ اعشاریہ نو فیصد پر آگئی ہے ۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ لڑائی جھگڑوں اور ہڑتالوں نے ملک کی معاشی صورتحال کو بری طرح متاثر کیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ حالیہ احتجاجی مظاہروں سے ملک کی معیشت کو روزانہ کی بنیاد پر ایک سو نوے ارب روپے کا نقصان ہوا ۔

محمد اورنگزیب نے وسیع تر قومی مفاد میں مذاکرات اور بات چیت کا راستہ اختیار کرنے کی ضرورت پر زوردیا ۔

چینی انجینئرز کی ہلاکت کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ یہ ملک کا ناقابل تلافی نقصان ہے کیونکہ یہ لوگ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے بجلی کے نرخوں میں کمی لانے پر کام کررہے تھے۔

محمد اورنگزیب نے کہا لوگ احتجاجی سیاست کا حصہ بننے سے باز رہیں کیونکہ حکومت ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے مکمل پرعزم ہے ۔