یوم استحصال کے موقع پر اپنے پیغامات میں صدر آصف علی زرداری, وزیراعظم شہبازشریف اور مسلح افواج کے سربراہان نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے غیور اور بہادر عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی کے اظہار کا اعادہ کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ غیر قانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بارے میں پانچ اگست دو ہزار انیس کا غیرآئینی بھارتی اقدام بین الاقوامی قانون کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریحا خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا یہ امرانتہائی ضروری ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول تک پاکستان کشمیریوں کی بھرپور سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن اور سلامتی کیلئے بھارت تنازعات سے انکار کی بجائے ان کے حل کی طرف بڑھے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے عوام سے ان کے جائز حقوق کے حصول کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔یوم استحصال کے موقع پر جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین اور مسلح افواج کے سربراہان نے بھار ت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کی غیر معمولی قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور ظلم و جبر سے آزادی حاصل کرنے کی جدوجہد میں کشمیری عوام کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔