پاکستان اور صومالیہ نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور غزہ کے لوگوں کے لیے انسانی امداد کی بلا تعطل ترسیل پر زور دیا ہے۔
اس بات کا اظہار نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور صومالیہ کے نائب وزیر اعظم صلاح جاما نے آج بنجول میں او آئی سی کے 15ویں اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کے دوران کیا۔
دونوں نائب وزرائے اعظم نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
دونوں اطراف نے پاکستان اور صومالیہ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو سراہا اور تجارت، اقتصادی تعاون اور عوام سے عوام کے تبادلوں پر خصوصی توجہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت کثیرالجہتی فورمز پر دوطرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا اور حالیہ علاقائی اور عالمی پیشرفت بالخصوص مشرق وسطیٰ میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔