Friday, 29 March 2024, 04:20:02 am
عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پربھارت کامحاسبہ کرے،صدر،وزیراعظم
February 05, 2023

صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم محمد شہبازشریف نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ غیر قانونی زیر قبضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کا محاسبہ کرے۔

صدر نے اپنے پیغام میں بھارت پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کے مبصرین، صحافیوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بلاروک ٹوک داخلے کی اجازت دے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کشمیری بہن بھائیوں کو بھارتی قبضے کے خلاف کئی دہائیوں پر محیط مزاحمت کے دوران بے لوث قربانیاں دینے پر بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارت کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف تمام عالمی فورمز پر آواز اٹھاتا رہے گا۔

شہبازشریف نے بھارت پر زور دیا کہ وہ پاکستان، اقوام متحدہ اور کشمیری عوام کے ساتھ کئے گئے اپنے وعدوں کی پاسداری کرے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم بھارتی تسلط سے آزادی کے حصول کیلئے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ آج پوری قوم کشمیری بھائیوں اوربہنوں کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی اورحمایت کے اظہار کیلئے متحد ہے۔

انہوں نے آج (اتوار) ایک ٹویٹ میں کہاکہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں بھارتی افواج کے مظالم کے باوجود ثابت قدم ہیں۔

انہوں نے کہاکہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے عوام بھارت کے تسلط سے آزادی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے شاندار انداز میں ان تھک جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنی قربانیوں کے ذریعے حصول آزادی کی مشعل کوروشن رکھا ہوا ہے میرا ایمان ہے کہ ان کے خوابوں کی تعبیر کا سورج جلد طلوع ہوگا۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.