انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کے نگران وزیر ڈاکٹر عمر سیف نے کہاہے کہ پاکستان خطے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل جدت کے مرکز کے طورپر ابھر رہا ہے ۔
انہوں نے دوحہ میں پاک قطر آئی ٹی کانفرنس سے خطاب میں جدت اور کاروبار میں پاکستان کے ٹیلنٹ اور کامیابی کی بہت سی کہانیوں کو اجاگر کیا ۔
انہوں نے پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں پر زوردیاکہ وہ قطری مارکیٹ میں موجودہ مواقع سے استفادہ کریں۔
اس سے قبل ڈاکٹر عمر سیف نے پاک قطر آئی ٹی کانفرنس کا افتتاح کیا یہ کانفرنس آئی ٹی اور ٹیلی کام کی وزارت، قطر میں پاکستان کے سفارتخانے اور پاکستان بزنس کونسل قطر کی مشترکہ کوششوں اور قطر فنانشل سنٹر کے تعاون سے ہورہی ہے۔
وفاقی وزیر نے علم پرمبنی معیشت کے فروغ کیلئے قطر کے وژن کے تحت ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستانی کاروبار میں نئے مواقع اور عالمی کاروباری شراکت کا بھی ذکر کیا ۔انہوں نے پاکستان کے نئے کاروبار میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی اور یقین ظاہر کیاکہ ملک میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے ۔پاکستان کا وفد وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف کی قیادت میں پہلی پاک قطر آئی ٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے قطر کے چار روزہ دورے پر ہے ۔وفد میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے نمائندے وزارت خارجہ کے حکام ، پاکستان سافٹ وئیر ہائوسز ایسوسی ایشن اور صف اول کی تیس آئی ٹی کمپنیوں کے نمائندگان شامل ہیں۔وفد کے دورے کا بنیادی مقصد دونوں ممالک میں آئی ٹی کے شعبے میں تعاون کا فروغ اور تجارتی شراکت داری میں نئے مواقع تلاش کرنا ہے ۔