Saturday, 18 May 2024, 03:01:03 pm
حکومت محصولات کی وصولی کا ہدف پورا کرنے کیلئے پرعزم ہے، وزیراعظم
May 04, 2024

فائل فوٹو

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات اور ضروری قانون سازی کے ذریعے محصولات کی وصولی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

وہ آج(ہفتہ) لاہور میں محصولات کی وصولی میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے ایف بی آر کے افسران کے اعزاز میں دی گئی ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صرف اہل اور دیانت دار اہلکاروں کی اعلیٰ عہدوں پر ترقی کو یقینی بنانے کیلئے ضروری قانون سازی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ محصولات کی وصولی پاکستان میں سب سے بڑا مسئلہ ہے، دیانتدار اور قابل افسران کے ذریعے اس کوحل کرلیا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہاکہ ہم نے ان افسروں کی خدمات کا اعتراف کیا ہے اور ان کو خراج تحسین پیش کیا ہے جنہوں نے محصولات اکٹھا کرنے کیلئے اپنی بہترین خدمات انجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایف بی آر میں اصلاحات کاوعدہ پورا کر دیاہے اور نااہل افسروں اور بدعنوانی میں ملوث یا اس کی معاونت کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ دو ہزار سات سو ارب روپے ٹیکس سے متعلق مقدمات مختلف عدالتوں میں زیر التواء ہیں اور ان مقدمات کو تیزی سے نمٹانے کیلئے قانون بنایا گیاہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت کی توثیق کے بعد اس قانون پر عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔

اس سے پہلے وزیراعظم شہبازشریف نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے قابل افسران میں شیلڈز تقسیم کیں۔

انہوں نے محنتی افسران کیلئے نقد انعام کا اعلان بھی کیا۔

اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ محصولات کی وصولی کے نظام میں خامیوں کی نشاندہی ہوچکی ہے اور اس میں بہتری لانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کے تیس لاکھ صنعتی اور تجارتی کنکشنز میں سے صرف دولاکھ کو سیلز ٹیکس کیلئے رجسٹرڈ ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایف بی آر کے چیئرمین امجد زبیر ٹوانہ نے کہا کہ اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محصولات کے وصولی کے اہداف کے حصول کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جارہی تھیں۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.