پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان خلیج تعاون کونسل کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کی توثیق کی راہ ہموار کرنے کیلئے سرمایہ کاری کے طریقہ کار پراتفاق رائے ہوگیا ۔
نگران وزیراطلاعات ونشریات مرتضیٰ سولنگی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ٹویٹ میں کہاکہ یہ معاہدہ گزشتہ انیس سال سے التوا کا شکار تھا ۔
انہوں نے امیدظاہر کی کہ اگر معاہدہ ہوگیا تو یہ تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے خلیج تعاون کونسل کا پاکستان کے ساتھ گزشتہ پندرہ برس میں پہلا معاہدہ ہوگا۔
ادھر وفاقی وزیر تجارت وصنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ان کی خلیج تعاون کونسل کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے سعودی عرب کے ساتھ بڑی مفید بات چیت ہوئی ہے ۔
انہوں نے اس اعتماد کااظہار کیا کہ اس معاہدے سے پاکستان اور خلیج تعاون کونسل کے درمیان اقتصادی تعلقات مستحکم ہوںگے اور سرمایہ کاری اور تجارت کے نئے مواقع پیداہوں گے۔