بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ملکی سا لمیت اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے پاک فوج مکمل طورپر تیار ہے ۔انہوں نے بہاولپور کور کی فیلڈ مشق کاجائزہ لینے کیلئے خیرپور ٹامے والی کے دورے میں جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج وطن عزیز کی سرحدوں پر تمام خطرات سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہیں۔آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کی پیشہ وارانہ تیاری اور بلند حوصلے کی تعریف کی اور جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ ہرقسم کے حالات میں روایتی جوش وجذبے کے ساتھ قوم کی خدمت کرتے رہیں۔بری فوج کے سربراہ نے بکتر بند گاڑیوں ، پیادہ فوج، توپ خانے ،فضائی دفاع، ٹینک شکن گائیڈ ڈمیزائل اور پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں سمیت مختلف قسم کی مشقوں کاجائزہ لیا ۔انہیں فیلڈ مشق کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس کا مقصد مستقبل کی آپریشنل تیاری کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف شعبوں اورجنگی حکمت عملی سے متعلق پیشہ وارانہ مہارت میں اضافہ کرنا ہے۔