وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ٹرایکوما کے مکمل خاتمے کی طرح مسلسل کوششوں کے ذریعے ملک میں پولیو اور ہیپاٹائٹس کے فوری خاتمے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وہ اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے جہاں پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹرG LOU DAPEN نے انہیں ٹراکوما سے پاک پاکستان کا سرٹیفکیٹ پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا یہ سرٹیفکیٹ آنکھوں کے اس وبائی مرض کے خاتمے کیلئے کوششوں میں وزارت صحت اور دیگر اداروں کی لگن کی علامت ہے۔
شہبازشریف نے متعلقہ حکام کو محنت اور لگن برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے زور دیا کہ اس طرح کی کوشش پاکستان کو ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچا سکتی ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب اپنے دور میں انہوں نے بیماریوں سے نمٹنے کے لئے مؤثر پروگرام شروع کئے اور امید ظاہر کی کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی موجودہ قیادت میں پنجاب
اور دیگر صوبوں میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے اس سلسلے میں وفاقی حکومت کے تعاون کی پیشکش کی۔
وزیراعظم نے ٹراکوما کے خاتمے میں وزارت صحت صوبائی حکومتوں، این جی اوز، ماہرین اور دیگر محکموں کی مربوط کوششوں کو سراہاجن سے سینکڑوں افراد کی بینائی بچانے میں مدد ملی۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ملک میں بیماری کے دوبارہ پھیلنے کو روکنے کیلئے نگرانی اور روک تھام کا مؤثر نظام قائم کریں۔