Thursday, 02 May 2024, 02:37:45 am
آزاد کشمیر کےمتاثرین زلزلہ کی مکمل بحالی کےلئےکوئی کسرنہیں اٹھارکھی جائےگی:معاون خصوصی اطلاعا ت
October 02, 2019

اطلاعات و نشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے متاثرین زلزلہ کی مکمل بحالی کےلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائے گی۔

 وہ آج میرپور میں زلزلہ متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔

 فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ زلزلے سے ہونے والے نقصان کے جائزہ کےبعد متاثرہ علاقوں کےلئے بحالی کا موثر اور حقیقت پسندانہ لائحہ عمل وضع کیا جائے گا۔

 معاون خصوصی نےکہاکہ پہلے مرحلے میں وفاقی اور آزاد کشمیر کی حکومتیں زلزلے سے جاں بحق افراد کےورثا کو پانچ پانچ لاکھ روپے فراہم کریں گی۔  

 انہوں نے کہا کہ آج ایک سو پچاس شدید زخمی افراد کوایک لاکھ روپے جبکہ چھ سو دیگر زخمیوں کو پچاس پچاس ہزار روپے کےامدادی چیک دیے جارہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مکمل طور پر تباہ ایک ہزار مکانات کی فہرست تیار کرلی گئی ہےاورپہلے مرحلے میں ہر مکان کےلئے دو، دو لاکھ روپے کی امداد فراہم کی جائے گی۔

 معاون خصوصی نے کہا کہ وفاقی حکومت زلزلے سے متاثرہ افراد کی بحالی کا عمل مکمل ہونے تک آزاد کشمیر کی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

 انہوں نے متاثرین کے بچاو اورامداد کی کارروائیوں پر مسلح افواج کی کوششوں کو سراہا۔

 فردوس عاشق اعوان نےکہا کہ وزیراعظم عمران خان متاثرین زلزلہ کے درد اورمشکلات کو سمجھتے ہیں اور متاثرہ خاندانوں کی زندگیوں کو معمول پر لانے کےلئے ہر ممکن کوششیں کی جارہی ہے۔

  سماجی تحفظ اور غربت کے خاتمے کے بارے میں معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے تقریب سے خطاب کرتےہوئے کہاکہ حکومت زلزلے سے متاثرہ افراد کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

 انہوں نے کہا کہ ہر متاثرہ شخص تک اشیا خوردونوش کی رسائی یقینی بنائی جائے گی۔

ثانیہ نشتر نے کہا کہ وہ ناگہانی آفات سے نمنٹے کے قومی ادارے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کے ہمراہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا سروے کریں گی تاکہ متاثرین کی ضرورتوں کا تعین کیا جاسکے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ناگہانی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمدافضل نے کہا کہ زلزلے سے متاثرہ عوام کو سہولتوں کی فراہمی کی کوششیں جاری ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ وہ زلزلہ متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے

انہوں نے کہا کہ اس ماہ کی آٹھ تاریخ کو میر پور کے زلزلے سے متاثرہ افراد کے ساتھ یکجہتی کا قومی دن منایا جائے گا۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.