Thursday, 09 May 2024, 12:30:35 pm
وزیر داخلہ محسن نقوی کی غیر ملکی شہریوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت
April 27, 2024

وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال سے متعلق اجلاس میں وفاقی دارالحکومت کی حدود میں غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی پروٹیکشن فورس قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے غیر ملکی شہریوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں ریڈ زون سمیت تمام اہم دفاتر اور مقامات کی سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔

محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد سیف سٹی پراجیکٹ کو لاہور سیف سٹی کی طرح جدید تقاضوں سے آراستہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسلام آباد میں تھانوں کی حالت بہتر کر رہے ہیں اور اس حوالے سے نتائج چند ماہ میں نظر آئیں گے۔

وزیر داخلہ نے منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث گروہوں کے خلاف سخت کریک ڈان کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ان گینگز کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے باہر آئس سمیت نشہ آور اشیا کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروش ہمارے مستقبل کے دشمن ہیں اور ان کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔

محسن نقوی نے بھکاری مافیا کے خلاف بھی موثر کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے دارالحکومت میں ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے جامع منصوبہ بندی کی خواہش کی۔

انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے اجلاس کو امن و امان کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔