Monday, 20 May 2024, 12:24:37 pm
صدر،وزیراعظم نے سانحہ نو مئی کو پاکستان کی تاریخ کاسیاہ دن قرار دیا
May 09, 2024

صدرآصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سانحہ نو مئی ہمیشہ پاکستان کی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔جب ایک مشتعل سیاسی گروہ نے ملک بھر میں کہرام مچایا، سرکاری املاک اور فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔

ایک بیان میں تشدد کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان افسوسناک واقعات سے ملک کا تشخص شدید مجروح ہوا جس سے صرف پاکستان کے دشمنوں کے مفادات پورے ہوئے۔

انہوں نے گروہ کے حملوں کو ریاست کی عملداری کو چیلنج کرنے کی کوشش قرار دیا۔

صدر نے پاکستان کی مسلح افواج اور اس کے اداروں پر فخر کا اظہار کیا۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ سانحہ 9مئی کے تشدد میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کاررروائی ہونی چاہئے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ سانحہ 9مئی محض تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن نہیں یہ ریاست پر سیاست قربان کرنے اور سیاست کے لئے ریاست پر حملہ کرنے والی دو سوچوں کو الگ الگ کرنے والا دن ہے۔سانحہ نو مئی کے حوالے سے ایک بیان میںانہوں نے کہا کہ ایک طرف وطن کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے عظیم بیٹے ان کے عظیم اہل خانہ محب وطن عوام ہیں جبکہ دوسری طرف نفرت کی آگ میں سلگتے وہ کردار ہیں جن کے دل میں ریاستی مفادات کا کوئی درد ہے نہ قومی یادگاروں ریاستی اداروں آئین و قانون کے لئے کوئی عزت و احترام ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ایک سال گزر گیا لیکن قوم اور پاکستان اپنے مجرموں کو نہیں بھولے ہیں اورنہ بھولیں گے۔انہوں نے کہا اس سانحے کے باوجود ہمیں آگے بڑھنا ہے اور ترقی کی منازل طے کرنی ہیں۔