Saturday, 27 April 2024, 05:03:00 pm
ملتان سلطان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست، اسلام آباد یونائیٹڈ نے پاکستان سپر لیگ جیت لی
March 19, 2024

رات کراچی میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو ایک سنسنی خیز میچ میں دو وکٹوں سے ہرا کر پاکستان سپر لیگ جیت لی۔ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر159رنز بنائے۔جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔عماد وسیم کو میچ کا جبکہ شاداب خان کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دریں اثناء وزیراعظم شہبازشریف نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پاکستان سپر لیگ جیتنے پر مبارک باد دی ہے۔اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اوریہ پوری قوم کی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے انعقاد نے کرکٹ کے شائقین کے لئے تفریح کا بہترین موقع فراہم کیا اور اس سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں مدد ملی۔شہبازشریف نے پی ایس ایل کی کامیابی یقینی بنانے کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ سیکیورٹی فورسز اور انتظامیہ کی کوششوں اور شائقین کے تعاون کو بھی سراہا۔وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ملک میں کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے فروغ کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔