Friday, 26 April 2024, 10:20:06 am
حکومت نے امراء پر ٹیکس کا بوجھ ڈال کر غریب عوام کو ریلیف دیا ہے:وزیرخزانہ
June 23, 2022

خزانے اور محصولات کے وزیر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت نے امراء پر ٹیکس کا بوجھ ڈال کر غریب عوام کو ریلیف دیا ہے۔ وہ آج اسلام آباد میں اطلاعات و نشریات کی وزیر مریم اورنگزیب کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پندرہ کروڑ سے زائد آمدن رکھنے والے امیر لوگوں پر ٹیکس میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اور اب ملک کی مالیاتی صورتحال مستحکم ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت نے ڈیزل اور پٹرول کی قیمتیں بڑھا کر اور عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا کوئی آسان فیصلہ نہیں تھا تاہم ملک کو بچانے کیلئے حکومت کو ایسا فیصلہ کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب واپس بہتر مالیاتی استحکام کی طرف بڑھ رہاہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ بجٹ اقدامات پر ایک اتفاق رائے پر پہنچ گئی ہے یہ ایک طرح سے ایک ترقی پسند اور تاریخی بجٹ ہے کیونکہ اس میں کوئی براہ راست ٹیکس نہیں لگایا گیا اور نہ ہی اس میں وصولیاں بہتر بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے اشیائے ضروریہ پر ٹیکسوں کی تجویز دی گئی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ توقع ہے کہ پیر تک چین کی جانب سے2 ارب30 کروڑ ڈالر کا قرض منتقل ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ چین نے محفوظ ادائیگیوں کی وصولی بھی ازسرنو ترتیب دی ہے جوکہ جون اور جولائی میں کی جانی تھی۔