Friday, 17 May 2024, 01:51:48 pm
مسلح افواج چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں، آرمی چیف
May 02, 2024

بری فوج کے سربراہ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ مسلح افواج اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مکمل طورپر تیار ہیں۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ مادروطن کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور مسلح افواج اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔

آج(جمعرات) رسالپور میں پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط فضائیہ کے بغیر ملک جارح کے رحم و کرم پر ہوتا ہے۔

فضائیہ کے کردار کو سراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اتری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ہر قسم کے مشکل حالات میں فضائی سرحدوں کی غیر متزلزل بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ حفاظت کی۔ فروری2019 ء ہم سب کیلئے ایک بڑی مثال ہے۔

انہوں نے پاس آئوٹ ہونے والے کیڈٹس سے کہا وہ ہماری امیدوں کا مرکز اور فضائوں کے محافظ ہیں۔

انہوں نے کہا ہم امید کرتے ہیں کیڈٹس کردار، جرات اور قابلیت جیسی خصوصیات سے زندگی کو آراستہ کریں گے۔

جنرل سید عاصم منیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاس آئوٹ ہونے والے کیڈٹس مادر وطن کے دفاع، وقار اور عظمت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریںگے۔

آرمی چیف نے کہا ہم اپنی آئینی حدود سے اچھی طرح آگاہ ہیں اور دوسروں سے بھی آئین پر عمل کی امید رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہتھیاروں کی دوڑ خطے میں طاقت کے توازن کو خراب کرے گی۔