Sunday, 12 May 2024, 07:20:21 pm
اسلامی ترقیاتی بینک کا پاکستان میں جاری منصوبے جلد مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ
April 28, 2024

   اسلامی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں جاری منصوبے جلد مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔

 اس عزم کا اعادہ  اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر  ڈاکٹرمحمد سلیمان الجاسر نے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر وزیراعظم  شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں اسلامی ترقیاتی بینک کے پاکستان میں جاری مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔

وزیراعظم نے اپنے سابقہ دور حکومت میں اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے مختلف منصوبوں میں ایک ارب امریکی ڈالرز کی سرمایہ کاری پر اسلامی ترقیاتی بینک کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کی سیلاب کے بعد بحالی میں اسلامی ترقیاتی بینک کی معاونت کو سراہا اور اس حوالے سے ڈاکٹر الجاسر کے ذاتی تعاون اور قائدانہ کردار کو تسلیم کیا،پاکستان میں اسلامی ترقیاتی بینک

کے جاری مختلف منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے پر اتفاق بھی کیاگیا۔

ملاقات میں پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسلامی ترقیاتی بینک کی پاکستان کے ساتھ مفید شراکت داری ، تعمیرنو اور روزگار میں مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کے پائیدار ترقی کے مقاصد کے حصول میں بھی معاون ثابت ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو صحیح خطوط پر استوار کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تمام خدشات کو دور کرنے اور ون ونڈو آپریشنز مہیا کرنے کے لئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل پوری طرح سے فعال ہے۔

صدر اسلامی ترقیاتی بینک نے کہا کہ پاکستان اسلامی ترقیاتی بینک کا بانی رکن ہے اور ایک انتہائی اہم منبر ہے اللہ تعالی نے پاکستان کو بھرپور قدرتی و آبی وسائل سے نوازا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بڑی افرادی قوت سے بھرپور طرح سے مستفید ہوا جا سکتا ہے پاکستان کی خوشحالی اور بہتری کے لئے دعا گو ہیں۔

ڈاکٹر الجاسرملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور وفاقی وزیر پاور اویس احمد خان لغاری بھی موجود تھے۔