Thursday, 02 May 2024, 03:04:24 am
سیاحت کے فروغ کیلئے 5روزہ نانگا پیر فیسٹیول اختتام پذیر
September 27, 2022

سیاحت کے عالمی دن کی مناسب سے منعقد کئے جانیوالے''نانگا پیر ٹورازم ''فیسٹیول 2022آ ج اختتام پذیر ہو گیا۔

فیسٹیول کے آغاز پرکوہالہ پل پرپاکستان سے آنے والے300بائیک رائیڈروں سمیت دیگر سیاحوں کو خوش آمدید کہاگیا ۔اس کے بعد ہنس چوکی کے مقام پر ماہ ستمبر دفاع وطن کے مہینے کے سلسلے میں پاک فوج اور شہدا سے اظہار یکجہتی کے لیے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی ۔

متعدد کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد ہوئے۔فیسٹیول کا بنیادی مقصد لوگوں کی توجہ آزاد جموںو کشمیرکی خوبصورتی اور قدرتی حسن کی طرف مبذول کروانا ہے۔

نانگا پیر اور کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آزاد جموں و کشمیر کے شہر دھیرکوٹ میں شہدا کانفرنس منعقد کی گئی جس کی صدارت سیاسی اور سماجی شخصیت راجہ نثار احمد شیخ نے کی ۔

کانفرنس نے بھارت کے غیر قانونی طور پرزیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکیا۔مقررین نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین، سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی، رکن آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی امتیاز نسیم، سابق سیکریٹری اور سماجی شخصیت راجہ محمد ارشاد خان ،پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے نائب صدر راجہ مہتاب اشرف خان، ڈاکٹر عبدالمجید خان اور دیگر نے کانفرنس میں شرکت کی ۔ شہدا کانفرنس سے نثار احمد، سردار عبیر عباسی، راجہ واجد علی خان، پروفیسر ریاض اصغر ملوتی اور دیگر رہنمائوں نے خطاب کیا۔فیسٹیول کے آخر پر زرعی سیاحت اور سیاحت کی اہمیت اور افادیت کے حوالے سے انٹر کالج ملوٹ میں ایک سیمنار کا انعقاد کیا گیا ۔ اس کے بعد ایک واک کا اہتمام کیاگیا جس میں تمام سرکاری وپرائیویٹ سکولوںکے اساتذہ کرام اور طلبہ نے شرکت کی۔

سیمینار میں سیکرٹر ی تعلیم سکولز راجہ عبد الرازق ندیم ایڈوکیٹ ، سابق ڈی جی لوکل گورنمنٹ سید ظہیر گردیزی ،سابق سیکرٹری حکومت راجہ ارشاد ، سابق چیرمین این اے ار سی اور سابق ڈی ڈاکٹر اظہر اورمحکمہ زراعت کے افسران نے شرکت کی جبکہ تقریب کی مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی وپارلیمانی سیکرٹری براے جیل خانہ جات میڈم امتیاز نسیم تھیں ۔

فیسٹیول کے چیف آرگنائزر نثار احمد شائق نے میڈیا سے گفتگو میں افسوس کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر کے لوگ اکثر نانگا پیر فیسٹیول جیسی تقریبات سے لطف اندوز ہوتے ہیں جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ان کے بھائیوں کو پارکوں میں جانے کی بھی اجازت نہیں ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کنٹرول لائن کے دونوں اطراف مقیم کشمیریوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے نانگا پیر فیسٹیول جیسی سرگرمیوں میں شرکت کی اجازت دینے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے۔