Tuesday, 07 May 2024, 12:24:06 am
ملک کوچیلنجزسےنکالنے کیلئےجامع اقتصادی اصلاحات کےایجنڈے پرعمل پیرا ہیں،وزیراعظم
April 26, 2024

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک کو موجودہ چیلنجز سے نکالنے کے لئے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر بھرپور طریقے سے عمل پیرا ہے۔

انہوں نے جمعہ کے روزاسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور جرائد نے پاکستان کی معیشت کو مثبت اور ترقی کی راہ پر گامزن دکھایا ہے جو حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کا ثبوت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بیرونی ترسیلات زر اور آئی ٹی سمیت مجموعی برآمدات میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے اور اس کا سہرا بھی حکومت کے سر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سمیت ہمارے دوست ممالک سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ہے جس کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ شہباز شریف نے کہا کہ حکومت بجلی چوری کی روک تھام اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لئے جامع پالیسی پر عملدرآمد اور اقدامات کررہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ دوہزار انیس میں شروع کیا گیا ٹریک اینڈ ٹریس نظام مکمل طورپر ایک دھوکہ اور ظالمانہ مذاق تھا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ قومی معیشت کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔وفاقی کابینہ نے صوبہ بلوچستان میں منشیات کے مقدمات نمٹانے کیلئے مکران ڈویژن میں ایک ایڈیشنل خصوصی عدالت کے قیام کی منظوری دی ہے۔

عدالت کا دائرہ کار پنجگور، کیچ، گوادر، حب اور لسبیلہ کے اضلاع تک ہوگا۔

کابینہ نے افغان پناہ گزینوں کے رجسٹریشن کارڈز کی اس سال تیس جون تک توسیع کی بھی منظوری دی جو کارڈز کے حامل افراد کو پاکستان میں سکول اور بینک اکائونٹس سمیت بنیادی سہولیات حاصل کرنے میں مدد دے گا۔

کابینہ کو پی آئی اے کی نجکاری کے عمل پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا ، کابینہ نے اس حوالے سے متعلقہ حکام کو شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ ہوائی اڈوں پر خدمات کے کائونٹرز میں اضافہ کیا گیا ہے اور سہولیات میں مزید بہتری لائی جارہی ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ زرعی شعبے میں ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مشاورت حتمی مرحلے میں ہے۔