Thursday, 02 May 2024, 01:48:32 am
صدر کا ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے بامقصد مذاکرات پر زور
April 18, 2024

صدرآصف علی زرداری نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے بامقصد مذاکرات اور اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

جمعرات کی شام اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح،شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو سمیت عظیم رہنماؤں کے ویژن کو اپناکر باہمی احترام اور سیاسی مفاہمت کی فضا کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

مستقبل کے بارے میں اپنے ویژن سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے سیاسی قیادت پر زور دیا کہ وہ پسماندہ طبقے اور ترقی پذیر علاقوں کی مخصوص ضروریات کو ترجیح دیتے ہوئے انہیں جامع ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔

صدر نے کہا کہ ملکی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہونا چاہئے۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے اور کاروبار میں آسانی کیلئے جامع اصلاحات اور ضوابط کو آسان بنانے کیلئے اپنی کوششیں تیز کرے۔انہوں نے معیشت کے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام کی تعریف کرتے ہوئے اسے درست سمت میں ایک قدم قرار دیا۔صدرنے وفاقی حکومت اور صوبوں کے درمیان مثبت تعلقات اور موثر روابط کے فروغ کی اہمیت پر زوردیا۔انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے تیزی سے بڑھتے ہوئے خطرات میں کمی کیلئے ماحول دوست اور موسمی اثرات سے محفوظ بنیادی ڈھانچے میں فوری سرمایہ کاری کی اہمیت پربھی زوردیا۔دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے صدر نے دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ۔صدر نے دوست ممالک بالخصوص سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، چین ، ترکیہ اور قطر کی تعریف کی جنہوں نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ۔چین کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے صدر نے کہاکہ پاکستان دشمن عناصر کو چین پاکستان اقتصادی راہداری جیسے اہم منصوبے کو نقصان پہنچانے یا دونوں ممالک کے درمیان مضبوط رشتے کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔