Wednesday, 01 May 2024, 09:05:41 pm
پاکستان اور امریکہ کا معاشی شراکت داری بڑھانے کے عزم کا اظہار
April 18, 2024

پاکستان اور امریکہ نے متبادل توانائی، زراعت، ماحولیاتی تحفظ اور ٹیک انڈسٹری میں معاشی شراکت داری کو بڑھانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔اِس عزم کا اظہار واشنگٹن میں عالمی بینک کے ہیڈ کوارٹرز میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی امریکی نائب وزیر خارجہ DONALD LU اور پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری ELIZABETH HORST کے درمیان ایک ملاقات میں کیا گیا۔وزیر خزانہ نے امریکی سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان کے انفارمیشین ٹیکنالوجی، توانائی، زراعت اور معدنیات کے شعبوں میں پیدا ہونے والے مواقعوں کو اجاگر کیا اور کہا کہ پاکستان امریکی انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن اور EXIM BANK کے ساتھ مل کر کام کر ے گا۔ادھر وزیر خزانہ نے متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے مالی امور محمد بن ہادی الحسینی سے بھی ملاقات کی اور باہمی معاشی تعاون اور مالیاتی روابط کو مضبوط بنانے پر بات کی۔MULTILATERAL انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی کے ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ اور عالمی بینک گروپ کے رکن HIROSHI MATANO کے ساتھ ملاقات میں وزیر خزانہ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے تناظر اور سرمایہ کاروں کی اعتماد سازی کیلئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر خزانہ نے واشنگٹن میں ڈوچے بینک کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے گرین پائیدار بانڈ کے اجراء کیلئے پائیدار مالیاتی فریم ورک کے قیام پر تبادلہ خیال کیا۔