Tuesday, 21 May 2024, 01:40:43 am
حکومت سی پیک کی اعلیٰ ومعیاری ترقی کیلئے پرعزم ہے، احسن اقبال
May 09, 2024

منصوبہ بندی و ترقی اورخصوصی اقدامات کے وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت سی پیک کی اعلیٰ و معیاری ترقی کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے یہ بات بیجنگ میں چین کے نیشنل انرجی ایڈمنسٹریشن کے چیئرمین Zhang Jianghua سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے دورے کے دوران نائب چینی وزیراعظم HE LiFENG کی جانب سے اعلان کردہ GREEN CORRiDOR منصوبہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کا ایک اہم ستون ہے۔انہوں نے کہا سی پیک کے پہلے مرحلے کے تحت توانائی کے مختلف منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان میں بجلی کی قلت پر قابو پانے میں بڑی مدد ملی اور حکومت سی پیک کے اگلے مرحلے میں ماحول دوست اور قابل تجدید توانائی کی جانب منتقلی کے لئے مختلف ذرائع سے توانائی کے حصول پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم بجلی کے ترسیلی ضیاع اور اس کی چوری کی روک تھام اورتوانائی کے شعبے میں مؤثر اصلاحات کے ذریعے صارفین اور تاجروں کو سستی بجلی فراہم کرنا چاہتے ہیں۔فریقین نے اس سلسلے میں توانائی کے انتظامی امور میں بہتری لانے کے نئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

وفاقی وزیر نے چینی فریق کو پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کے تحفظ اور سلامتی کیلئے حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔اس سے پہلے وفاقی وزیر نے بیجنگ میں بجلی کی ترسیل اور اس کی تقسیم کار میں مہارت رکھنے والی چینی کمپنیوں کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔وزیر منصوبہ بندی نے پاکستان میں بجلی کے ترسیلی ضیاع میں کمی لانے سمیت آزاد پتن اور کوہالہ پن بجلی منصوبے پر جلد عمل درآمد کے لئے چین سے تعاون کی درخواست کی۔فریقین نے سی پیک کی مشترکہ رابطہ کمیٹی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس کے آئندہ جلد اجلاس پر اتفاق کیا جو سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کے سلسلے میں فیصلہ سازی کا اعلیٰ ترین فورم ہے۔