Monday, 20 May 2024, 12:30:55 am
سی پیک کے تحت پاکستان میں پچیس ارب ڈالرکے منصوبے لگائے جارہے ہیں، احسن اقبال
May 08, 2024

وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال ، امور خارجہ کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کے ہمراہ چین پہنچ گئے ہیں ۔ وہ چینی قیادت کے ساتھ باہمی دلچسپی خصوصاً سی پیک، زراعت اور توانائی کے امور پر مذاکرات کریں گے۔ چین میں پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی اور اعلیٰ چینی حکام نے بیجنگ کے ہوائی اڈے پر پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔ بیجنگ کے ہوائی اڈے سے اپنے خصوصی پیغام میں احسن اقبال نے کہا کہ چین ہمارا بااعتماد دوست ہے جس نے مشکل وقت میں پاکستان کی ہر قسم کی مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت پاکستان میں اس وقت پچیس ارب ڈالر مالیت کے منصوبوں پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے کے تحت زراعت، صنعت، ماحول دوست توانائی اور ٹیکنالوجی سے متعلق منصوبوں پر تیز تر اور کامیاب عملدرآمد کیا جائے گا۔ وزیر نے کہا کہ ان کے دورہ چین سے پاکستان اور چین کی مشترکہ تعاون کمیٹی کے اجلاس کے ایجنڈے کی تیاری میں مدد ملے گی۔