Monday, 20 May 2024, 12:04:36 am
وزیراطلاعات سے ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم کی ملاقات،پاکستان کے ثقافتی ورثے پر تبادلہ خیال
May 08, 2024

پاکستانی ثقافت پر بین الاقوامی فلم کی شوٹنگ کرنے والی ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم نے اسلام آباد میں وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ سے ملاقات کی۔

انہوں نے پاکستان کے عظیم ثقافتی ورثے اور تاریخ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اطلاعات نے پاکستانی ثقافت پر فلم بنانے کا انتخاب کرنے پر ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری ثقافت اور لوگوں کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم ثقافتی ورثہ رکھنے والا ملک ہے اور اس کی تاریخ، ادب، موسیقی اور فن منفرد ہیں جنہیں دنیا بھر میں سراہا جاتا ہے۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی فلم دنیا کو پاکستان کی خوبصورتی اور تنوع کو دیکھنے کا ایک نیا موقع فراہم کرے گی۔

مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم کی جانب سے پروڈیوس کی جانے والی یہ فلم پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ملک کا سافٹ امیج بھی اجاگر ہوگا۔

وزیر اطلاعات نے ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم کو پاکستان میں فلم انڈسٹری کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فلم واحد انڈسٹری ہے جو فیکس فری ہے۔

حکومت کی فلم پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے فلم کو انڈسٹری کا درجہ دیا ہے تاکہ نوجوانوں کو اس شعبے میں آنے کا موقع مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ 2022-23 کے بجٹ میں ایک ارب روپے کا فلم فنانس فنڈ قائم کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسی بجٹ میں فلمسازوں کو پانچ سال کی ٹیکس چھوٹ دی گئی۔ فنکاروں کے لیے میڈیکل انشورنس اور فلم انڈسٹری کے لیے ٹیکس مراعات نے فلم انڈسٹری اور اس سے متعلقہ شعبوں کو فروغ دیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ غیر ملکی فلمسازوں کو بھی مشترکہ فلم اور ڈرامہ پروجیکٹس پر رعایت دی گئی ہے۔ اس کے لیے پاکستان میں فلم کی ستر فیصد شوٹنگ کی شرط سیاحت اور ثقافت سمیت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے لاگو ہے۔

ہالی ووڈ کی پروڈکشن ٹیم نے اس بات کو تسلیم کیا کہ پاکستان میں فلم سازی کی بہت زیادہ صلاحیت ہے، اس نے انڈسٹری کی ترقی میں مدد کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ملک کی خوبصورتی اور ثقافت سے متاثر ہیں۔