Sunday, 19 May 2024, 09:32:42 pm
سعودی وفد کے دورے سے ملکی مستقبل پرمثبت اثرات مرتب ہوں گے، وزیراعظم
May 07, 2024

وزیراعظم نے کہا ہے کہ سرمایہ کاری کے نائب وزیر کی قیادت میں سعودی وفد کے دورے سے ملک کے مستقبل پر مثبت اثرات مرتب ہوںگے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ سعودی عرب کے نائب وزیر سرمایہ کاری کی قیادت میں سعودی وفد کا دورہ ملک کے مستقبل کیلئے خوش آئند ثابت ہو گا۔

اُنہوں نے آج (منگل)اسلام آباد میں کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری کانفرنس کے دوران سعودی وفد کے سربراہ نے کابینہ کے ارکان کے عزم اور استقامت کو سراہا ۔

وزیر اعظم نے پاکستان سعودی عرب سرمایہ کاری کانفرنس کے دوران کابینہ کے ارکان خصوصاً تجارت ، پٹرولیم اور فنانس کے شعبوں کے وزراء کے کردار کی بھی تعریف کی۔

انہوں نے ملک کے بہتر مستقبل کیلئے بھرپور لگن کے ساتھ کام جاری رکھنے کا عزم کیا۔

ادھر وفاقی کابینہ نے پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان مشترکہ تجارتی کمیٹی قائم کرنے کیلئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کی منظوری دی ہے۔

کابینہ نے ائیرسیال کی چین، ملائیشیا، سری لنکا، تھائی لینڈ، ترکیہ ، برطانیہ اور کویت کیلئے پروازوں کی بھی منظوری دی۔

یہ منظوری ہوابازی کی قومی پالیسی 2023 اور ہوائی خدمات کے معاہدے کے تحت دی گئی۔

کابینہ نے چینی سرمایہ کاری سے متعلق منصوبوں کے بارے میں کابینہ کمیٹی کے فیصلوں کی بھی توثیق کی جو گزشتہ ماہ کی تیس تاریخ کو کابینہ کے پچھلے اجلاس میں کئے گئے تھے۔