Sunday, 19 May 2024, 08:11:27 pm
مہنگائی میں اکیس فیصد کمی معیشت کے مثبت رجھان کو ظاہر کرتی ہے،وزیرخزانہ
May 07, 2024

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی وفد کے پاکستان کے دورے کو کامیاب قرار دیا۔

انہوں نے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کے ہمراہ آج اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مستحکم صورتحال کی وجہ سے پاکستان پر سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ سعودی وفد نے پاکستانی معیشت پر اعتماد کا اظہار کیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک درست سمت میں رواں دواں ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر نو ارب ڈالر سے بڑھ گئے ہیں جبکہ مہنگائی کی شرح اڑتیس فیصد سے کم ہو کر سترہ فیصد ہو گئی اور یہ بتدریج کم ہو رہی ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ٹیم کا دورہ پاکستان جلد متوقع ہے جس کے دوران بڑے اور طویل مدتی منصوبے زیرِ بحث آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بڑے پیمانے پر اقتصادی استحکام یقینی بنانے اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات پرتوجہ دے رہی ہے۔

وزیر خزانہ نے مجموعی ملکی پیداوار کے تناسب سے ٹیکس کی شرح تیرہ سے چودہ فیصد تک بڑھانے پرزور دیا۔

وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اخراجات کم کرنے کے لئے مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کروا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت درست سمت پر گامزن ہے اور تمام اعشاریے مثبت رجحان ظاہر کر رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد اخراجات کم کرنے کے لئے اقدامات کئے گئے اور خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری بھی منصوبے کا حصہ ہے۔

وزیر قانون نے واضح کیا کہ پنشن اصلاحات بلاامتیاز اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے کر کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کی قیادت میں ایک کمیٹی ان اصلاحات پر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملازمت کی مدت کے حوالے سے معاملات زیربحث ہیں اور اسے تمام اداروں پر یکساں لاگو کرنے کی بھی تجویز ہے۔