Sunday, 19 May 2024, 02:31:12 am
پاکستان اورچین کا سی پیک کے تمام منصوبے مکمل کرنے کاعزم
May 05, 2024

پاکستان اور چین نے سی پیک کے تمام منصوبے مکمل کرنے اور اس تعاون کو مزید بہتر بنانے کے عزم کااظہار کیا ہے تاکہ مشترکہ اہداف حاصل کئے جاسکیں۔

اس عزم کا اظہار گیمبیا کے دارالحکومت بنجول میں او آئی سی کے پندرہویں اسلامی سربراہ اجلاس کے موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ محمد اسحق ڈار اورچین کی نیشنل پیپلزکانگریس کی قائمہ کمیٹی کے نائب چیئرمین ژنگ جہان بینگ کے درمیان ملاقات میں کیاگیا ہے ۔

فریقین نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ تذویراتی تعاون پر مبنی شراکت کا اعادہ کیا اور پاکستان کی پارلیمنٹ اور چین کی نیشنل پیپلزکانگریس کے درمیان وفود کے تبادلوں میں اضافے پرتبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے او آئی سی کے ساتھ چین کے بڑھتے ہوئے تعلقات پر بھی بات چیت کی اور باہمی امن وخوشحالی کیلئے مذاکرات اور مفاہمت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

اسحق ڈار نے چین کے اہم معاملات پر پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور قریبی اقتصادی شراکت داری اور تعاون کے ذریعے باہمی مفاد پرمبنی وسیع تر روابط کی اہمیت پر زوردیا۔

نائب چیئرمین ژنگ جہان بینگ نے پاکستان کی خود مختاری، علاقائی اہمیت اور ترقی کیلئے چین کے مکمل تعاون کا اعادہ کیا۔