Saturday, 18 May 2024, 03:35:20 pm
حکومت معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے پرعزم ہے،وزیرپیٹرولیم
May 04, 2024

وزیرپیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت ملکی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

آج لاہور میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے معاشی ترقی میں اضافے اور پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے غیر ملکی کمپنیوں کو دعوت دینے سے متعلق حکومتی کوششوں کو اجاگر کیا۔

وفاقی وزیر نے سعودی عرب کی طرف سے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے دلچسپی ظاہر کرنے کو سراہا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی اور سعودی تاجروں کے درمیان باہمی تعاون کی راہیں تلاش کرنے کیلئے ہونیوالی ملاقاتوں کے مثبت نتائج برآمد ہونگے جن میں تجارتی سہولتوں پر توجہ مرکوز کی جائیگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے پاس تانبے کے ذخائر موجود ہیں اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات ہیں۔

مصدق ملک نے کہا حکومت تجارتی خسارہ کم کرنے کیلئے درآمداد اور برآمدات میں فرق کو کم سے کم کرنے کیلئے کام کررہی ہے۔