Saturday, 18 May 2024, 09:28:01 am
صدر،وزیراعظم کی پاکستان کا پہلا خلائی مشن چاند کے مدارمیں بھیجنے پرمبارک باد
May 03, 2024

فائل فوٹو

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف نے چاند کے مدار میں پاکستان کا پہلا مشن بھجوانے پر قوم اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی ہے۔

صدر نے آج(جمعہ) ایک بیان میں اس کامیابی پر انسٹیٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی اور چینی مشن کے منتظمین کو مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا چاند کے مدار میں پہلا مشن ملکی خلائی پروگرام میں ایک بڑا سنگ میل ہے۔

آصف زرداری نے خلائی مشن میں پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کی تعریف کی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی سائنسدان، انجینئرز اور ہنرمند افراد نے جس طرح ایٹمی ٹیکنالوجی میں مہارت کا مظاہرہ کیا اسی طرح اس شعبے میں اپنا لوہا منوا رہے ہیں۔

انہوں نے اس منصوبے میں شریک ڈاکٹر خرم خورشید، سپارکو ٹیم کے تمام ارکان اور طلبہ سمیت انسٹیٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی کی کورکمیٹی کو بھی سراہا۔

شہبازشریف نے کہا کہ اس اہم کامیابی کے بعد پاکستان خلاء کے بامقصد استعمال کے نئے دور میں داخل ہو گیا ہے۔

یہ کامیابی سیٹلائٹ مواصلات کے شعبے میں پاکستان کی صلاحیتوں میں مزید اضافے کا باعث بنے گی اور سائنسی تحقیق، معاشی ترقی اور قومی سلامتی کے شعبوں میں مواقع پیدا کرے گی۔