Saturday, 18 May 2024, 10:17:13 am
وزیرخزانہ کا محصولات جمع کرنے کا ہدف حاصل کرنے کیلئے کوششوں پر زور
May 03, 2024

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے مجموعی ملکی پیداوار کے مقابلے میں ٹیکس کی شرح بڑھانے اور ٹیکس کا دائرہ وسیع کرنے کیلئے حکمت عملی وضع کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے تاکہ محصولات کی وصولی زیادہ سے زیادہ بڑھائی جا سکے۔

انہوں نے یہ بات آج(جمعہ) اسلام آباد میں ایف بی آر کے صدر دفتر کے دورے کے موقع پر کہی۔

وفاقی وزیر نے رواں سال کے محصولات جمع کرنے کا ہدف حاصل کرنے کیلئے ممکنہ کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں ایف بی آر کے چیئرمین ملک امجد زبیر ٹوانہ نے وزیر خزانہ کو محصولات جمع کرنے کے سلسلے میں کوششوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

ملاقات میں زیرالتواء قانونی مقدمات بھی زیرغور آئے۔

ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ پھنسے ہوئے محصولات کی جلد وصولی کے لئے تمام زیرالتواء قانونی مقدمات کی بھرپور پیروی کے لئے ایک جامع حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔