Thursday, 25 April 2024, 08:04:10 pm

مزید خبریں

 
بھارتی فورسز نے امرناتھ یاترا کی سیکورٹی کے نام پر خوف و دہشت کی نئی لہر شروع کر دی
June 30, 2022

غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج،پیراملٹری فورسز، پولیس اوربدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے مقبوضہ علاقے میں آج سے شروع ہونیوالی ہندو امرناتھ یاترا کی سیکورٹی کے نام پر خوف و دہشت کی نئی لہر شروع کر رکھی ہے ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز کے اہلکار خاص طورپر جنوبی کشمیر میں گھروں پر چھاپوں ، پکڑ دھکڑ اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔نوجوانوں کو گرفتار، ہراساں اور فوجی اور پولیس اسٹیشنوں میں طلب کیاجارہا ہے ۔

عینی شاہدین نے ذرائع ابلاغ کو بتایاہے کہ قابض انتظامیہ نے سرینگر جموںہائی وے پر بھارتی فوجیوں کی بھاری نفری تعینات کر رکھی ہے اور کسی کو بھی امرناتھ یاتر ا کے راستوں پر جانے کی اجازت نہیں ہے ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے ایک بیان میںبھارتی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیریوں کیساتھ روا رکھے گئے غیر انسانی سلوک کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔ حریت قیادت نے کہاکہ بھارت ان اوچھے ہتھکنڈوںکے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کوکمزور کرنے میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گا۔ پیپلز ڈیموکرٹیک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے ایک ٹویٹ میں دکانوں کی زبردستی بندش پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ کشمیر کے لوگ ہیں جو مشکل حالات کے باوجود یاتریوں کو تحفظ کا حقیقی احساس فراہم کرتے ہیں۔مقبوضہ جموں وکشمیرمیں دو روایتی راستوں سے آج شروع ہونے والی 43 روزہ یاترا 11 اگست کو ختم ہوگی۔مودی حکومت نے ایک اور افسوسناک اقدام میں بلڈوزر کے ذریعے بھارتی مسلمانوں کو نشانہ بنانے کے بعد اب کشمیری مسلمانوں کے گھروں کو مجاہدین کے ٹھکانے قرار دے کر تباہ کرنا شروع کر دیا ہے۔