Tuesday, 23 April 2024, 11:19:41 am
سپریم کورٹ میں اکاون ہزارسات سو چوالیس مقدمات زیرالتوا ہیں،وزیر مملکت
March 30, 2023

file photo

قومی اسمبلی کو آج بتایا گیا کہ حکومت ملک کی مختلف عدالتوں میں زیرالتوا مقدمات نمٹانے کا عمل تیز کرنے کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کررہی ہے۔قانون کے وزیر مملکت شہادت اعوان نے آج وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ سپریم کورٹ میںاکاون ہزارسات سو چوالیس مقدمات زیرالتوا ہیں۔ انہوںنے کہاکہ لاہور ہائیکورٹ میں ایک لاکھ اناسی ہزار چار سو پچیس، سندھ ہائیکورٹ میں پچاسی ہزارسات سو اکاسی، پشاور ہائیکورٹ میں اکتالیس ہزارنو سو گیارہ، اسلام آباد ہائیکورٹ میں سترہ ہزارایک سو چاراور بلوچستان ہائیکورٹ میں چارہزارچار سو اکہتر مقدمات زیرالتوا ہیں۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بڑی تعداد میں زیر التوا مقدمات پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہاکہ اگر کسی رہنمائی کی ضرورت ہوتو پارلیمنٹ اس کیلئے تیارہے۔مواصلات کی پارلیمانی سیکرٹری شاہدہ اختر علی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ سیلاب سے تباہ ہونے والی کئی شاہراہوں کی مرمت کا کام مکمل کرلیا گیا ہے اورمتعلقہ حکام باقاعدگی سے سائٹس دورہ کر رہے ہیں۔