Friday, 19 April 2024, 09:46:43 pm
سینٹ کو بتایاگیاغیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر10ارب ڈالرہیں
March 30, 2023

سینٹ کو آج بتایا گیا کہ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر تقریباً دس ارب ڈالر ہیں او ر انہیں اگلے سال جون تک تیرہ ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف ہے۔

قائد ایوان اور وزیر خزانہ  اسحاق ڈار نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ گزشتہ پانچ ہفتے کے دوران غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعدسے کبھی کسی  عالمی ذمہ داری سے انحراف نہیں کیا اور بروقت ادائیگیاں کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا غیرملکی قرضہ درحقیقت کم ہوا ہے۔

عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ معاہدے سے متعلق اسحق ڈار نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ تکنیکی سطح کے مذاکرات مکمل ہوگئے ہیں۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ایوان کو بتایا کہ ساتویں مردم و خانہ شماری  کا عمل جاری ہے اور یہ اگلے ماہ کی تیس تاریخ تک مکمل کرلیا جائے گا۔

 انہوں نے کہا کہ پہلی بار ڈیجیٹل مردم شماری کی جارہی ہے جس کے لئےمالی سال 2023-2022 کے بجٹ میں 35 ارب روپے مختص کئے گئے ۔  انہوں نے کہاکہ جب  مردم شمار ی کے نتائج کی تصدیق ہوجائے تو پھر اس کے تحت حلقہ بندیاں اور اگلے انتخابات ہونے چاہئیں۔

ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے تجارت کے وزیر نوید قمر نے ایوان کو بتایا کہ ملک میں تمام اشیا خوردونوش کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کے حوالے سے ہماری کوشش  ہے کہ زرعی برآمدات بڑھائی جائیں۔