Saturday, 20 April 2024, 10:05:31 am
کامسٹیک نائیجیریا سائنس و ٹیکنالوجی تعاون پروگرام کا اجرا
September 29, 2022

اسلامی تعاون تنظیم کی سائنسی اور تکنیکی تعاون کے بارے میں قائمہ کمیٹی نے آج(جمعرات) اسلام آباد میں کامسٹیک نائیجیریا سائنس و ٹیکنالوجی تعاون پروگرام کا اجراء کیا۔

کامس ٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل ایم اقبال چوہدری نے نائیجیریا کے ہائی کمشنر محمد BELLO OBIOYE کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامس ٹیک نے او آئی سی کے نظام میں فیلوشپ پروگرام، ہیلتھ افریقہ پروگرام اور رکن ملکوں میں تحقیقی منصوبوں کے امدادی پروگراموں سمیت متعدد نئے منصوبے شروع کئے ہیں۔پاکستان کی خارجہ امور کی وزارت کے نمائندے محمد عقیل نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے او آئی سی کے رکن ملکوں میں سائنسی سفارتکاری کے فروغ کیلئے کامس ٹیک کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے او آئی سی کے دیگر رکن ملکوں کے ساتھ ایسے مشترکہ پروگراموں کے اجراء میں پاکستان کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔کامس ٹیک نائیجیریا پروگرام میں خواتین سائنسدانوں کے لئے تحقیقی فیلوشپ پروگرام کا اجرائ، نائیجیریا اور پاکستان کے اداروں کے درمیان روابط، نائیجیریا کے دانشوروں اور طلباء کی استعداد کار میں اضافہ کرنا، پاکستان اور نائیجیریا کے سائنسدانوں کی ایجادات کے حقوق کا تحفظ اور پاکستانی طلباء کے نائیجیریا کے تعلیمی دورے شامل ہیں۔