Friday, 29 March 2024, 01:05:19 pm
پاکستان،بھارتی مظالم کاشکار کشمیریوں کی واحدامیدہے:غلام احمدگلزار
November 26, 2022

کُل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ پاکستان گزشتہ سات دہائیوں سے بھارت کی بدترین ریاستی دہشت گردی کا شکار مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کا خیر خواہ اور ان کی واحد امید ہے۔

ایک بیان میں حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام احمد گلزار نے پاک فوج کے نئے مقرر کئے گئے سربراہ جنرل عاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کو مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی عسکری قیادت نہ صرف پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گی بلکہ کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل میں اہم کردار ادا کرے گی۔

غلام احمد گلزار نے کہاکہ کشمیری بخوبی واقف ہیں کہ پاکستان کو ہندوتوا کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سمیت متعدد مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ نئی عسکری قیادت تمام مشکلات اور خطرات کا کامیابی سے مقابلہ کرے گی۔

ادھر کُل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما محمد سلطان بٹ نے بھی پاکستان کی نئی مقرر ہونے والی عسکری قیادت کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ ان کی کمان میں پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں امن کا بدترین دشمن ہے اور اس کے توسیع پسندانہ عزائم لاکھوں لوگوں کے لئے خطرہ ہیں۔