Thursday, 18 April 2024, 10:49:28 pm
مقبوضہ کشمیر:حریت کانفرنس کاجنرل ساحرشمشادمرزااورجنرل عاصم منیرکی تقرری کاخیرمقدم
November 26, 2022

بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیرمیں کُل جماعتی حریت کانفرنس نے جنرل ساحرشمشاد مرزا کے پاکستان کے نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اورجنرل عاصم منیر کے چیف آف آرمی سٹاف کے طورپرتقررکاخیرمقدم کیاہے۔

سرینگرمیں ایک بیان میں کُل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت کے لئے جدوجہدمیں مسلسل اخلاقی، سیاسی اورسفارتی مدد پرپاکستان کاشکریہ اداکیا۔

انہوں نے کہاکہ پاک فوج دنیا کی بہترین فوج کے طورپر جانی جاتی ہے اور جنرل عاصم منیر اس باوقارفوج کی رہنمائی کے لئے بہترپیشہ وارانہ مہارت رکھتے ہیں۔

انہوں نے بھارت پرزوردیاکہ وہ خطے میں پائیدارامن کی خاطراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیرکے حل کے لئے اقدامات اٹھائے۔

ادھرورثاء شہدائے جمو ں وکشمیرنے خطے کے مختلف علاقوں میں ستونوں، بجلی کے کھمبوں اور دیواروں پرنئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اورچیف آف آرمی سٹاف کی تصاویر والے پوسٹرزچسپاں کئے ہیں۔

حریت قیادت اورکشمیرکے عوام نے پاکستان کی نئی عسکری قیادت کومبارکباددیتے ہوئے کہاہے کہ کشمیرکی جدوجہدآزادی کی کامیابی کے لئے مستحکم پاکستان ناگزیرہے۔