Thursday, 28 March 2024, 11:46:40 pm
یو رپی یونین کا افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کے کردار کا اعتراف
September 26, 2021

پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کامینارانے کہا ہے کہ یورپی یونین غربت کے خاتمے،قدر تی آفات سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے اور دیگر ضروری شعبوں میں پاکستان کو امداد فراہم کر رہا ہے۔ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ یورپی یونین کے تعلقات کثیر جہتی ہیں اور ہم متعدد امور پر ملکر کام کر رہے ہیں۔اینڈرولا کامینارا نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کی خریداری یورپی یونین کی پہلی ترجیح ہے اور جی ایس پلس کادرجہ ملنے پر پاکستان نے2019میں 7.5ارب یورو مالیت کی مصنوعات بر آمد کیں۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین اور پاکستان انسداد دہشتگردی کے منصوبوں پر بھی ملکر کام کر رہے ہیں۔یو رپی یونین کی سفیر نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کے کردار کا اعتراف کیا ۔انہوں نے پاکستان کے اس اعلان کو سراہا کہ افغانستان میں جامع حکومت ہونی چاہئے جس میں خواتین کو بھی نمائندگی دی جانی چاہئے۔بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مسئلے پر اینڈرولا کامینارا نے کہا کہ یورپی یونین نے ہمیشہ یہ موقف اختیار کیا ہے کہ انسانی حقوق کی پاسداری اور احترام ہونا چاہئے۔یور پی یونین کی سفیر کا انٹرویو ریڈیو پاکستان کی آفیشل ویب سائٹwww.Radio.Gov.Pk، سوشل میڈیا اور ریڈیو پاکستان پوڈ کاسٹ پر دستیاب ہے۔