Friday, 29 March 2024, 03:03:59 am
امریکی ذرائع ابلاغ کی بھارت میں نفرت انگیز مواد کا پھیلاو روکنے میں ناکامی پر فیس بک پر تنقید
October 25, 2021

فائل فوٹو

امریکی ذرائع ابلاغ نے بھارت میں نفرت انگیز مواد کا پھیلاو روکنے میں ناکامی پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ اِس سے نسلی تشدد کو ہوا مل سکتی ہے۔مختلف دستاویز ات کا حوالہ دیتے ہوئے امریکی ذرائع ابلاغ نے کہا کہ فیس بک نے اِس رجحان کے خاتمے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کیے۔رواں ہفتے وال سٹریٹ جنرل ،نیو یارک ٹائمز واشنگٹن پوسٹ اور دیگرامریکی اخبارات نے بھارت میں فیس بک کے کردار پر نقطہ چینی کی۔واشنگٹن پوسٹ نے ایک رپورٹ کے حوالے سے لکھا کہ فیس بک پر مودی کی حمایت میں پروپیگنڈے اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز، بے بنیاد اور اشتعال انگیز مواد کی بھرمار ہو چکی ہے۔اِس سے پہلے شہری حقوق کے چالیس سے زائد گروپوں نے گزشتہ برس خبردار کیا تھا کہ فیس بک بھارت میں اپنی ویب سائٹ پر موجود خطر ناک مواد کی روک تھام میں ناکام ہو چکی ہے۔گزشتہ برس بھارت میں فیس بک کے ایک اعلی عہدیدار نے حکمران جماعت کے حامی ہندو قوم پرستوں کی طرف سے پھیلائے جانے والے نفرت انگیز مواد کو روکنے کیلئے اقدامات کرنے سے انکار اور مسلم مخالف مواد کوہوا دینے کے الزامات کے بعد استعفی دے دیا تھا ۔