Friday, 29 March 2024, 02:15:16 am
ایف ایم98دوستی چینل نے چین کے نئے قمری سال کاجشن منایا
January 25, 2023

چین کے نئے قمری سال کے موقع پر چائنا میڈیا گروپ کے پاکستان میں ریڈیو چینل ایف ایم 98 دوستی چینل کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی ظفر الدین محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں میں دوست ملک چین کے نئے سال کی تقریبات کا اہتمام کرنے کی روایت قائم ہوئی جو کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستی کا ایک ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ تقریب میں پاکستانیوں کی کثیر تعداد اپنے چینی بہن بھائیوں کے ساتھ مل کر نئے چین سال کی خوشی منا رہی ہے جو کہ بہت خوش آئند ہے اور ایسی مزید تقریبات کا اہتمام کیا جانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ دوستی ریڈیو پاکستانی عوام میں چینی ثقافت اور طرز معاشرت سے متعلق معلومات اور آگاہی فراہم کرتا ہے جس سے باہمی عوامی رابطوں کے فروغ میں مدد ملتی ہے۔

اسلام آباد میں چینی سفارتخانے کی ناظم الامورپنگ چن شوئے نے اپنے وڈیو پیغام میں چائنا میڈیا گروپ اور ایف ایم98 دوستی چینل کو چینی نئے سال کی تقریب منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سال نو ایک ایسا موقع ہوتا ہے جس میں گزشتہ سال کا جائزہ اور مستقبل کا خیر مقدم کیا جا تاہے۔

چینی ناظم الامورنے کہا کہ سال 2022چین پاکستان تعلقات کے حوالے سے یادگار رہا،ہمارے دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے تمام امور میں تعاون اعلی سطح پر رہے۔

چینی ناظم الامور نے کہا کہ جب پاکستان کو تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا تو چین نے بروقت تعاون اور مدد فراہم کی اور اب تک 160 ملین ڈالر سے زائدچینی امداد پاکستان کو مل چکی ہے جب کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے محفوظ پاکستان کانفرنس میں چین نے مزید 100 ملین ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے۔

چینی ناظم الامور نے مزید کہا کہ چین پاکستان تعلقات کے نئے دور میں تاریخ ساز منصوبے سی پیک نے بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے شعبوں میں کامیابیاں سمیٹی ہیں اور صنعتی، زرعی اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کی سمت متعین کی جا چکی ہے جو پاکستان کے عوام کیلئے مزید فوائد کا باعث بنے گی۔

چینی عہدیدار نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نئے سال میں چین پاکستان کے ساتھ مل کر دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت اور باہمی عوامی رابطوں کو بڑھانے کیلئے کام کرے گا تاکہ اس دیرینہ شراکت داری کو مزید گہرا کرتے ہوئے اچھی ہمسائیگی کی مثال اور علاقائی امن و استحکام کا ستون بنایا جا سکے۔

 اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیربرائے سرحدی اورریاستی امورسینیٹر طلحہ محمود نے پاکستانی حکومت اور عوام کی طرف سے چین کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ تعلق وقت کے گزرنے کے ساتھ ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوتا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری جیسا بڑا منصوبہ چینی صدر شی چن پنگ نے شروع کیا اور 2022 میں چینی کمیونسٹ پارٹی کی بیسویں قومی کانگریس میں صدر شی پنگ نے دنیا میں چین کے کردار کی واضح حکمت عملی بھی پیش کی۔

وفاقی وزیر طلحہ محمود نے کہا کہ اس وقت جو دنیا کا ماحول ہے اس میں چین اقتصادی طور پر دنیا کی قیادت کر رہا ہے اور چینی قیادت کا جو گلوبل ویژن اوراحساس ذمہ داری ہے اس کی بدولت انسانیت کو بہت ترقی ملی ہے۔

ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل محمد طاہر حسن کا اس موقع پر چین کے نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان حکومتی سطح پر ہی نہیں عوامی سطح پر بھی قریبی تعلقات ہیں اور یہی وجہ ہے کہ چینی نئے سال کی خوشیاں پاکستان میں بھی بھرپور جوش و جذبے سے منائی جاتی ہیں۔

محمدطاہرحسن نے چینی قیادت کی طرف سے اپنے عوام کی فلاح و بہبود کے کئے جانے والے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کے لئے مشعل راہ ہے۔

محمد طاہرحسن نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان ذرائع ابلاغ کے شعبوں میں دیرینہ تعاون جاری ہے اور اس میں مزید جدت آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان نے چائنا میڈیا گروپ کے پاکستان میں قائم ایف ایم دوستی چینل سے بہت کچھ سیکھا ہے اور اب ان تجربات سے استفادہ بھی کیا جا رہاہے ۔مجھے امید ہے کہ ریڈیو پاکستان اسی ماڈل کے تحت منصوبہ بندی سے کام کرے گا۔

تقریب میں گلوکاروں سحر گل خان، وقاص علی، نصیر احمد خواجہ ، علیزے خان، سید عاصم رضا اور ڈی جے عادل خان نے مسحور کن اور پرجوش گیتوں کے ساتھ حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔