Wednesday, 24 April 2024, 10:20:50 am
ریڈیو پاکستان کے معروف براڈ کاسٹر محمد اجمل ملک کو مداحوں سے بچھڑے ایک برس بیت گیا
September 24, 2022

ریڈیو پاکستان کے معروف براڈ کاسٹر ، سماجی اور مذہبی شخصیت محمد اجمل ملک کو اپنے مداحوں سے بچھڑے ایک برس بیت گیا۔

سرائیکی وسیب کی مقبول ترین آواز محمد اجمل ملک نے ریڈیو پاکستان بہاولپور کے آغاز سے ہی عوام کے دلوں میں آواز کی لہروں کے ذریعے گھر کیا اور پھر چار دہائیوں سے زیادہ ریڈیو پاکستان کی پروفیشنل براڈ کاسٹنگ کا حصہ رہے۔ شام کے ریڈیو پروگرام وسدیاں جھوکاں اور پھر جمہور دی آواز کے ذریعے تعلیم، سماج اور سیاست پر اپنی دلوں کو چھولینے والی آواز کے ذریعے جو پذیرائی محمد اجمل ملک کو سرائیکی خطے میں حاصل ہوئی وہ شاید کم ہی خوش نصیبوں کے حصے میں آتی ہے۔

مرحوم محمد اجمل ملک نے ریڈیو پروگراموں سے عوامی آگاہی اور مذہبی ہم آہنگی پر بھی بے پناہ کام کیا۔ رسول پاک سے سچی محبت میں بزم سنائے خیرالورا قائم کی اور مِلک بھر میں نعت کے فروغ کے لیے کام کرتے رہے۔

محمداجمل ملک کااور انتہائی مقبول پروگرام روھی رنگ رنگیلڑی روھی چولستان اور دیہات کے سامعین میں بے پناہ مقبول ہوا۔ انہوں نے ریڈیو پاکستان بہالپور سے نویں سویل، وستی وستی ڈیرہ ڈیرہ، سوجھلا اور نیشنل ہوک اپ پر طویل مدت تک دیگر پروگراموں کی بھی میزبانی کی۔ محمد اجمل ملک انیس سو ستر کی دہائی سے دو ہزار پندرہ تک پاکستان کے مختلف صدر مملکت اور وزرائے اعظم کے سرکاری پروگرامز کے میزبان بھی رہے۔

محمد اجمل ملک کی خدمات کے اعتراف میں ان کو متعدد قومی اور علاقائی ایوارڈز کے ساتھ ساتھ ریڈیو پاکستان کے اعلی ترین حسن کارکردگی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ مرحوم محمد اجمل ملک کی فنی اور دینی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔