Thursday, 25 April 2024, 02:26:26 pm
ملک میں مصنوعی ذہانت کا استعمال اوراس کا فروغ وقت کا تقاضا ہے، امین الحق
May 24, 2023

انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کے وزیر سید امین الحق نے کہا ہے کہ ملک میں مصنوعی ذہانت کا استعمال اور اس کا فروغ وقت کا تقاضا ہے۔

پاکستان میں مصنوعی ذہانت کی پہلی قومی پالیسی متعارف کرانے کے بارے میں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ڈیجیٹل دنیا کے ساتھ چلنے کے لئے مختلف شعبوں میں ترقی کرنے کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کی قومی پالیسی کا مسودہ وزارت کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیا گیا ہے اور عوام کی طرف سے تجاویز کے لئے کھلا ہے۔انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت ایک پالیسی کمیٹی قائم کر رہی ہے جس میں صنعت، اساتذہ اور مصنوعی ذہانت کے ماہرین شامل ہوں گے۔سید امین الحق نے کہا کہ آئندہ پانچ برس میں ایک لاکھ گریجوایٹس کو مصنوعی ذہانت کی تربیت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کی تحقیق اور ترقی میں سرمایہ کاری کے لئے ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔