Friday, 29 March 2024, 10:57:42 am
حریت کانفرنس کا سرینگر میں ہونیوالے گروپ 20اجلاس میں شرکت نہ کرنے والے ممالک کا شکریہ
May 24, 2023

بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظربند سینئر رہنما شبیر احمد شاہ کی سربراہی میں قائم ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے کہا ہے کہ اہم فریقوں کی طر ف سے سرینگر میں گروپ 20 اجلاس کے بائیکاٹ نے کشمیریوں کے اس موقف کی توثیق کی ہے کہ جموں و کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور بھارت نے کشمیریوں کی مرضی کے خلاف اس پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں چین، سعودی عرب، ترکی، مصر، انڈونیشیا، اومان اور دیگر رکن ممالک کا سرینگر میں گروپ 20 اجلاس میں شرکت کے حوالے سے حساسیت کا ادراک کرنے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ فریڈم پارٹی نے کہا کہ ان ملکوں کی طرف سے اٹھائے گئے قدم سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔بیان میں بھارت پر زور دیا گیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے کیونکہ وہ مقبوضہ علاقے میں حالات ٹھیک ہونے کے اپنے جھوٹے بیانیے کو فروغ دیکر دنیا کو مزید دھوکہ نہیں دے سکتا۔ادھربھارتی پولیس کے خصوصی تحقیقاتی یونٹ نے آج ضلع کشتواڑ کے علاقوں پڈر، کیشوان اور ٹھکرائی میں گھروں پر چھاپے مارے۔ بھارتی فوجیوں نے ضلع بارہمولہ کے علاقے رفیع آباد میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کی۔کنزرویٹو پارٹی سے تعلق رکھنے برطانوی والے رکن پارلیمنٹ Paul Bristow, نے کشمیر کے جاری تنازع پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دہائیوں پرانے تنازعہ کو ختم کرنے کے لیے کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دینے پر زور دیا۔ انہوں نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں مودی حکومت کی طرف سے سری نگر میں منعقدہ گروپ20 اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے برطانوی حکومت پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور حق خود ارادیت کے مسائل کو اٹھائے۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ نے کہاکہ انہوں نے متعدد سوالات اٹھائے ہیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ برطانوی حکومت ان سوالات پر انتہائی سنجیدگی سے غور کرے گی۔