Friday, 19 April 2024, 12:30:49 pm
وزیراعظم نے نوجوانوں کیلئے تجارتی اور زرعی قرضہ سکیم کا آغاز کردیا
January 24, 2023

وزیراعظم شہبازشریف نے نوجوانوں میں خود کو روزگار کے قابل بنانے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے نوجوانوں کیلئے تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے نوجوانوں کیلئے تجارتی اور زرعی قرضہ سکیم کا آغاز کیا ہے۔آج (منگل) تیسرے پہر اسلام آباد میں سکیم کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت نوجوانوں کو پانچ لاکھ سے 75لاکھ روپے تک نرم قرضے دیئے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پانچ لاکھ روپے تک بلاسود قرض حاصل کر سکتے ہیں جو تین برسوں میں واپس کرنا ہوں گے جبکہ پانچ لاکھ سے پندرہ لاکھ روپے تک قرضے صرف پانچ فیصد شرح سود پر دیئے جائیں گے جو سات برسوں میں واپس کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پندرہ لاکھ سے 75لاکھ تک قرضوں پر سات فیصد شرح سود ہوگی جو آٹھ برسوں میں واپس کرنا ہوں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم ملک بھر کے ہونہار طلبہ میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے۔ یہ لیپ ٹاپ میرٹ اور شفاف انداز میں دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نوجوانوں کو مزید لیپ ٹاپ فراہم کرنا چاہتے ہیں لیکن مالی مشکلات اس کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ملک کو موجودہ اقتصادی بحران سے باہر نکالنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے شہبازشریف نے آئی ایم ایف پروگرام کا نواں جائزہ مکمل کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نواں جائزہ مکمل کرنے کیلئے آئی ایم ایف ٹیم کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنے کو تیار ہے جو معیشت کو استحکام اور ترقی کی پٹڑی پر واپس ڈالنے کیلئے اہم ہے۔