Thursday, 28 March 2024, 08:29:26 pm
ملک بھر میں بریک ڈائون کے بعد بجلی مکمل طورپر بحال کردی گئی ہے:خرم
January 24, 2023

وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ گزشتہ روز کے بریک ڈاون کے بعد بجلی مکمل طورپر بحال کردی گئی ہے۔ آج اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام ایک ہزار ایک سو بارہ گرڈ سٹیشنز بحال کردیے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر توانائی نے بجلی بحالی میں قومی ٹرانسمیشن اور Dispatch کمپنی، پاور ڈویژن اور واپڈا کی کوششوں کو سراہا۔خرم دستگیر نے کہا کہ بڑے پیمانے پر بریک ڈاون کے باوجود وفاقی دارالحکومت اور پشاور کے کچھ علاقے ایسے ہیں جہاں ہر وقت بجلی موجود رہی۔ اسی طرح بلوچستان اور سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بالکل بھی متاثر نہیں ہوئی۔ خرم دستگیر نے کہا کہ کراچی اور چشمہ کے جوہری بجلی گھروں کو اس سسٹم میں بجلی لانے کیلئے 48 سے72 گھنٹے درکا ر ہونگے اور اس کام کا آغازکردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں کو بھی اڑتالیس گھنٹے درکار ہیں۔ساہیوال اور اینگرو تھرکول یونٹس مربوط کردیے گئے ہیں اور وہ جلد ہی بجلی کی پیداوار شروع کردیں گے۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ اڑتالیس گھنٹے میں بجلی کی کچھ قلت ہوگی اس لئے کچھ لوڈ شیڈنگ ہوگی مگر صنعتی شعبہ اس سے مستثنی ہوگا۔انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایندھن کی کوئی قلت نہیں ہے اور بجلی کی پیداوار کے لئے وافر مقدارمیں دستیاب ہے۔