Friday, 07 October 2022, 02:02:07 pm
موسمیاتی آفت سے نمٹنے،بحالی و تعمیرنو میں عالمی برادری کا تعاون ناگزیر ہے :وزیراعظم
September 22, 2022

وزیراعظم شہبازشریف نے موسمیاتی آفت سے موثر طورپر نمٹنے اورپائیدار بحالی اور تعمیر نو میں ملک کی مدد کے لئے عالمی برادری کے تعاون کوناگزیر قراردیاہے۔ انہوں نے یہ بات نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ستترویں اجلاس کے موقع پر جنرل اسمبلی کے صدرCsaba Korosi سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جامع اصلاحات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے شفاف، مشاورتی اورتعمیری بین الحکومتی مذاکرات کی ضرورت پر زوردیا جس سے تمام رکن ممالک کاموقف اورتوقعات واضح ہوں گی۔ وزیراعظم نے جنرل اسمبلی کے صدر کومسئلہ کشمیر ، افغانستان اوراسلام مخالف پراپیگنڈے کی روک تھام سمیت پاکستان کے ترجیحی امور کے بارے میں بھی بتایا۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے Csaba Korosi نے پاکستان میں سیلاب کے تناظر میں ان سے بھرپور ہمدردی ،یکجہتی اورتعاون کااظہارکیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اس قدرتی آفت کاذمہ دار نہیں اور اسے دنیا کی مدد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی مسئلے کاعالمی حل ہوناچاہیے۔