Friday, 29 March 2024, 09:52:46 am
او آئی سی رابطہ گروپ نے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی حمایت کااعادہ کیا
September 22, 2022

جموں وکشمیرکے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ کے وزرائے خارجہ نے کشمیری عوام کی اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت اوربھارتی قبضے سے آزادی کے حصول کے لئے منصفانہ جدوجہد کی حمایت کااعادہ کیاہے۔اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ کے ایک مشترکہ اعلامیہ میں جموں وکشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے ناقابل تنسیخ حق کی توثیق کرتے ہوئے کہاگیاہے کہ اس کافیصلہ اوآئی سی کے مسلمہ موقف اوراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہوناچاہیے۔رابطہ گروپ کے وزرائے خارجہ کایہ اجلاس نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ستترویں اجلاس کے موقع پر ہوا۔اجلاس کی صدارت اوآئی سی کے سیکرٹری جنرل نے کی۔وزرائے خارجہ نے بھارت کے پانچ اگست کے غیرقانونی اوریکطرفہ اقدامات کی مذمت کی۔انہوں نے بے گناہ کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل سمیت بھارتی فوج کی جابرانہ کارروائیوں کی مکروہ مہم پرافسوس کااظہارکیا۔