Friday, 29 March 2024, 02:53:57 am
حریت کانفرنس کی کشمیریوں سے 27اکتوبر یومِ سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل
October 21, 2021

بھارت کے غیرقانونی طورپر زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کی طرف سے اپنے مادروطن پر غیر قانونی اور جبر ی قبضے کے خلاف 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے نئی دلی کی تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میں 27اکتوبر کو ہڑتال اور شام 7 سے رات 8بجے تک مکمل بلیک آئوٹ کرنے کی بھی اپیل کی۔ انہوں نے تارکین وطن کشمیریوں سے بھی کہا کہ وہ اس دن احتجاجی ریلیوں کا اہتمام کریں اور پلے کارڈز اور بینروں کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کریں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین نے بھارت پر یہ واضح کر دیا کہ کشمیری ہرقیمت پر اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے۔بھارت نے 27کتوبر 1947کو تمام عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں وکشمیر میں اپنی فوج اتار کر کشمیریوں کی خواہشات کے برخلاف اس پر قبضہ کرلیا تھا ۔ادھر بھارتی فوجیوں نے پونچھ اور راجوری کے اضلاع میں آج مسلسل گیارہوں روز بھی محاصرے اورتلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔ اس دوران ایک خاتون سمیت متعدد افراد کو گرفتار کرلیاگیا۔