Saturday, 20 April 2024, 07:15:06 pm
متحدہ مجلس علماء کی علمائے دین کی گرفتاری کی شدید مذمت
September 19, 2022

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں میرواعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم متحدہ مجلس علماء نے علمائے دین کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرفتاریوں کا مقصد وقف بورڈ کی ہزاروں کنال اراضی اور املاک پر قبضے کے خلاف ان کی آواز کو خاموش کرانا ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وادی کشمیر کی تمام مذہبی اور سماجی تنظیموں کے اتحاد متحدہ مجلس علماء نے سرینگر میں ایک بیان میں افسوس ظاہر کیاکہ مودی حکومت کشمیریوںکی منفرد مذہبی اور ثقافتی شناخت کو مسخ کرنے کیلئے بے گناہ علمائے کرام کو پبلک سیفٹی ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ظالمانہ قوانین کے تحت گرفتار کر رہی ہے ۔

نیشنل کانفرنس نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی انتخابی فہرستوں میں غیر کشمیری ووٹروں کی شمولیت کی مذمت کرتے ہوئے اسے مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کیلئے ایک بڑا خطرہ قراردیا ہے ۔

نیشنل کانفرنس کے مرکزی رہنما رتن لال گپتا نے کہا کہ 25لاکھ غیر کشمیری ووٹروں کو انتخابی فہرستوں میں شامل کرنے سے متعلق چیف الیکٹورل آفیسر کے حالیہ اعلان کا مقصد بی جے پی حکومت کی طرف سے جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق کوپامال کرنا ہے۔نئی دلی میں کانگریس نے بھارتی آئین کی دفعہ370کے بارے میں اپنے سابق رہنما غلام نبی آزاد کے دعوے پرردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی سپریم کورٹ یا نئی حکومت جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرنے کے غیر جمہوری، غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام کو واپس لے سکتی ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سابق کنوینر محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں ایک بیان میں مقبوضہ جموں وکشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور ہندوتوا حکومت کی طرف سے نوجوانوں اور معمر افراد کی بڑے پیمانے پرگرفتاریوں پر تشویش ظاہر کی ہے ۔حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام آج اسلام آباد میں معروف کشمیری آزادی پسندکارکن اعجاز احمد ڈار کو ان کے32 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔