Wednesday, 24 April 2024, 09:58:26 am
پاکستان ، متحدہ عرب امارات کا مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق
March 18, 2023

پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے وزیراعظم کے معاون خصوصی جواد شوراب ملک اور متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات کے دوران ہوا۔ فریقین نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات کے جذبات کا اظہارکیا اور خاص طور پر کاروبار اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ملاقات کے دوران پاکستان میں فضائی کمپنیوں کے نئے آپریشنز اورا ن کے کام کی خوش اسلوبی سے انجام دہی کیلئے سہولتوں کی فراہمی کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جواد شوراب ملک نے متحدہ عرب امارات کی طرف سے پاکستان میں بھرپور سرمایہ کاری کو سراہا جس سے ملکی معیشت کو مضبوط کرنے میں مدد مل رہی ہے۔متحدہ عرب امارات کے سفیر نے ملک میں بنیادی اداروں کے استحکام میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لئے تمام شعبوں میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔